بلوچستان ملکی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل صوبہ ،سیدال خان
ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سے سابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کی ملاقات،مسائل پر گفتگو
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق وفاقی وزیر اور بلوچستان کے سینئر سیاستدان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، سماجی اور اقتصادی صورتحال سمیت صوبے کو درپیش مسائل اور ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی اہمیت کا حامل صوبہ ہے ، بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ریاست کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے ، صوبے میں ترقیاتی عمل کو تیز کر کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ عبدالقادر بلوچ نے بلوچستان میں عوامی فلاح، نوجوانوں کی شمولیت، روزگار کے مواقع اور ترقیاتی اقدامات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔