قرضوں پر انحصار سے معاشی بحران مزید گہرا ہو سکتا :سلمان اکرم
مالیاتی نظام میں بنیادی تبدیلیاں ناگزیر ، اللہ حکومت کو درست فیصلوں کی توفیق دے قومی قرضوں میں 40 کھرب روپے اضافہ تشویشناک، اصلاحات کی جائیں :خطاب
لاہور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ قرضوں پر انحصار سے معاشی خرابیاں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنیادی اصلاحات کے بغیر معاشی مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ طویل المدتی بجٹ منصوبہ بندی بھی اصلاحات کے بغیر مو ثر ثابت نہیں ہو سکتی۔ موجودہ مالیاتی نظام میں بنیادی تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔ معاشی بحران سے نکلنے کے لیے اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ قرضوں کے ذریعے معاملات چلانے کی پالیسی پر سوالات اٹھتے ہیں۔ اگر نظام میں اصلاحات نہ کی گئیں تو مسائل میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا۔ قومی معیشت کی بہتری کے لیے مو ثر اور دیرپا اقدامات ناگزیر ہیں۔ اللہ تعالیٰ حکومت کو درست فیصلوں کی توفیق دے ، پاکستان کی معیشت سنگین چیلنجز سے دوچار ہے ۔ گزشتہ چار برسوں میں قومی قرضوں میں تقریباً 40 کھرب روپے اضافہ ہوا ہے ۔ مجموعی قرضوں میں تقریباً 100 فیصد اضافہ تشویشناک ہے ۔ موجودہ قرضوں کا حجم گزشتہ کئی دہائیوں کے مجموعی قرضوں کے برابر پہنچ چکا ہے ۔ وفاقی حکومت کے اخراجات کا 37 فیصد قرضوں کے سود کی ادائیگی پر خرچ ہوتا ہے ۔ دفاعی اور سودی ادائیگیوں کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل محدود ہو جاتے ہیں۔ قرضوں کا بڑھتا بوجھ ترقیاتی اخراجات کو متاثر کر رہا ہے ، اس لیے معاشی استحکام کے لیے قرضوں پر انحصار کم کرنا ضروری ہے ۔