پنجاب :تعلیم کیلئے 63ارب سے زائدکا ترقیاتی بجٹ مختص
تمام سکیموں پر جون 2026 تک69 ارب 72 کروڑ خرچ ہو چکے :دستاویزات ملتان کیڈٹ کالج،مختلف شہروں میں یونیورسٹیوں کا قیام بھی منصوبوں میں شامل
راولپنڈی(زاہداعوان سے )حکومت پنجاب نے مالی سال 2026-27کے سالانہ ترقیاتی پروگرا م میں صوبے بھر میں شعبہ تعلیم کی ترقی، بحالی اور نئی مراعات کیلئے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں، جس کے تحت سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن،سپیشل ایجوکیشن اور لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کے شعبوں میں متعدد جاری اور نئی سکیموں پر کام تیز کیا جائے گا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب بھر میں شعبہ تعلیم کی تمام سکیموں کی مجموعی تخمینہ لاگت 4 کھرب 94 ارب 23 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ہے جس میں سے جون 2026 تک مجموعی طور پر تقریباً69 ارب 72 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ،جبکہ نئے مالی سال کیلئے مجموعی ترقیاتی بجٹ کی مد میں 63 ارب 30 کروڑ روپے کی بھاری رقم فراہم کی جا رہی ہے ۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری اور نئی سکیموں کی مجموعی لاگت 1 کھرب 91 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد ہے ، تاہم ابتک 34 ارب 15 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہو چکے اور اب نئے مالی سال کیلئے اس شعبے کو 25 ارب 30 کروڑ روپے کا بجٹ دیا گیا ہے جس میں گھوڑاا گلی مری کے بوائے سکا ؤٹس سمر ٹریننگ سینٹر کی تزئین و آرائش، لاہور کے ایبٹ روڈ پر سپیشل سکا ؤٹس ہاسٹل کی بحالی، ملتان کیڈٹ کالج کا قیام اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سکول میل پروگرام جیسے بڑے منصوبے شامل ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کے شعبے کیلئے مجموعی تخمینہ لاگت 2 کھرب 76 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے اوراس میں جون 2026 تک 25 ارب 91 کروڑ 10 لاکھ روپے استعمال ہو چکے ، نئے مالی سال کیلئے 30 ارب 50 کروڑ روپے کی بڑی رقم مختص کی گئی ہے ،اس میں نئی یونیورسٹیوں ، کالجوں کا قیام، آئی ٹی لیبز اور وزیرِ اعلیٰ لیپ ٹاپ پروگرام(فیز ٹو)شامل ہیں۔اسی طرح سپیشل ایجوکیشن کا دائرہ کار بڑھانے اور راولپنڈی ، گوجرانوالہ، لاہور اور دیگر علاقوں میں معذور بچوں کے سکولوں کی عمارات کی تعمیر و بحالی ، مریم نواز آٹزم سکول کے سیٹلائٹ کیمپسز کے قیام کیلئے مجموعی طور پر 9 ارب 13 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی سکیمیں رکھی گئی ہیں اوران پر جون 2026 تک 1 ارب 50 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ، نئے سال کیلئے 3 ارب 70 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ مزید برآں لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن کی سکیموں کی کل لاگت 17 ارب 63 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے جس پر اب تک 8 ارب 15 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ، نئے سال کیلئے 3 ارب 80 کروڑ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں ۔