وفاقی حکومت ملکی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ، امیر مقام
پی ٹی آ ئی14سال حکومت کرنے کے باوجود پختونخوا کوکچھ نہ دے سکی ن لیگ میں آنیوالوں کا خیرمقدم کرتے ہیں ،چارسدہ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب
چارسدہ (اے پی پی) وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمدشہبازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ پختونخوا کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات کیلئے پریشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اتمانزئی میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت طارق اعظم خان کے بھتیجے ، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فہد اعظم خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ امیر مقام نے کہا پارٹی میں شمولیت پر ان کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں چودہ سال حکومت کی لیکن صوبے کو کچھ نہ دے سکی یہی وجہ ہے کہ آج لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔ عوام اب سوال کر رہے ہیں کہ چودہ سالہ حکمرانی کے بعد صوبے اور چارسدہ کو کیا ملا ۔ امیر مقام نے کہا یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تیسرا بجٹ ہے جس میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔ امیر مقام نے \"معرکہ حق\" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو صرف چار گھنٹوں میں شکست دے کر دنیاکے سامنے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔