پختونخوا ، پنجاب میں بارش و آندھی ، 8افراد جاں بحق،36زخمی
بنوں، شانگلہ، مانسہرہ میں چھتیں، دیواریں گرنے سے 7اموات،33مضروب پنجاب مانانوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے
اسلام آباد،پشاور ،لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی ) ملک کے بیشترعلاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوا ،کشمیر، مری گلیات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ۔ ادھر گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارش و آندھی کے باعث 8افراد جاں بحق اور 36زخمی ہو گئے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخواکے اضلاع بنوں، شانگلہ، مانسہرہ اور دیگرعلاقوں میں شدید بارشوں اور آندھی کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 4 مرد، ایک خاتون اور 2 بچے شامل ہیں ۔زخمی ہونے والے 33 افراد میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا بھی خدشہ ہے ۔چترال ، دیر ، سوات ، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ خطرناک علاقوںسے لوگوں کا انخلا یقینی بنایا جائے ۔ادھر صوبہ پنجاب کے علاقے مانانوالہ میں بارش سے خستہ حال مکان کی چھت گر گئی جس کے باعث 3 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ دو بچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بادل برسنے کا کوئی امکان نہیں۔