علی حیدر کا جنوبی پنجاب کارڈ ، بلیک میلنگ نہیں چلے گی:عظمیٰ

علی حیدر کا جنوبی پنجاب کارڈ ، بلیک میلنگ نہیں چلے گی:عظمیٰ

پنجاب نے بڑی قربانی دی اور بجٹ میں وفاق کو خطیر رقم منتقل کی:وزیراطلاعات دو برسوں میں وزیر اعلیٰ مریم نے گراں فروشی ، مہنگائی کو بڑھنے نہیں دیا :گفتگو

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی کا جنوبی پنجاب کارڈ اور سیاسی بلیک میلنگ اب نہیں چلے گی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نظر میں صرف ایک پنجاب ہے اور ہر پروجیکٹ میں جنوبی پنجاب کو اولین ترجیح حاصل ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تیسرا تاریخی اور سرپلس بجٹ پیش کر دیا ، امریکا اور ایران امن معاہدہ پاکستان کی معاشی  خود مختاری اور ترقی کیلئے بہت بڑا اور تاریخی دن ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب  اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ علی حیدر گیلانی بند کمروں سے باہر نکلیں اور سیاسی تعصب کی عینک اتار کر کبھی جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تاکہ انہیں وہاں ریکارڈ ترقی نظر آ سکے ، آج مریم نواز اور موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت پوری دنیا پاکستان کی طرف امید کی نظروں سے دیکھ رہی ہے۔

بجٹ کی تیاری میں پنجاب نے بڑی قربانی دی اور خطیر رقم وفاق کو منتقل کی ، پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ٹیکس ہدف مزید بڑھا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی ہو رہی ہے ،مصنوعی مہنگائی کا جلد ہی مکمل خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ گزشتہ دو برسوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے گراں فروشی اور مہنگائی کو بڑھنے نہیں دیا ،مریم نواز نے اپنی شدید خرابی صحت کے باوجود اجلاس میں خود شرکت کر کے عوامی نمائندگی کا حق ادا کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ مارکیٹوں کو جلد بند کرنے کے حوالے سے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب جلد ہی حتمی اور متوازن فیصلہ کریں گی ،اپوزیشن لیڈران کی مشکور ہوں جنہوں نے اچھے بچوں کی طرح لائن میں بیٹھ کر خاموشی سے پورا بجٹ سنا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں