فیفا ورلڈ کپ ،سعودی عرب اور یوراگوئے کا میچ ڈرا
ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی 2-2گول سے برابر ہوگیا
میامی(سپورٹس ڈیسک ) فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں گزشتہ روز کھیلے گئے تمام میچز برابر ی پر ختم ہوئے ۔سعودی عرب اور یوراگوئے کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا، ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔میامی سٹیڈیم میں یوراگوئے اور سعودی عرب کے درمیان مقابلہ 1-1گول سے برابر رہا۔ اس میچ میں میکسی میلیانو نے 80ویں منٹ میں اہم گول کر کے یوراگوئے کو شکست سے بچالیا۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ناک آٹ مرحلے تک رسائی کے امکانات بہتر بنانے کے لیے فتح کی تلاش میں رہیں، تاہم مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔
ایران نے اپنے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ 2-2 گول سے برابر کردیا۔میچ کے دوران ایرانی شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ٹیم کی بھرپور حمایت کی۔نیوزی لینڈ نے ساتویں منٹ میں کرس ووڈ اور ایلیجا جسٹ کی مشترکہ کوشش سے برتری حاصل کی۔ ایران نے 32ویں منٹ میں رضا ریضائیان کے گول سے مقابلہ برابر کر دیا۔دوسرے ہاف میں جسٹ نے دوبارہ نیوزی لینڈ کو برتری دلا دی لیکن محمد محبی کے ہیڈر نے ایران کو ایک بار پھر خسارے سے نکال دیا۔دونوں ٹیموں نے جیت کے لیے بھرپور کوششیں کیں تاہم مقابلہ برابری پر ختم ہوگیا۔