پانچ سال سے زائد پرانی گاڑیوں کی درآمد پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ : خزانہ کمیٹی نے ٹیرف پالیسی کی منظوری دیدی

پانچ سال سے زائد پرانی گاڑیوں کی درآمد پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ : خزانہ کمیٹی نے ٹیرف پالیسی کی منظوری دیدی

درآمدی ڈیوٹیوں میں بھی بڑی کمی ، پانچ سال میں اوسط ٹیرف 20.19 فیصد سے 9.70 فیصد کر دیا جائیگا:سیکرٹری تجارت ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی 5سال میں مکمل ختم ،ریگولیٹری ڈیوٹی مرحلہ وارصفر ، خزانے پر 143.4 ارب اثرات کا تخمینہ ہے :جواد پال آٹو انڈسٹری کو بہت زیادہ تحفظ دیا گیا :نوید قمر، انرجی پرائسز پر توجہ ، چائنہ کی طرح انڈسٹری کو سہولیات دی جائیں:نفیسہ ودیگر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی نے نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری دے دی اور5سال سے زائد پرانی گاڑیوں کی درآمد پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے ۔درآمدی ڈیوٹیوں میں بھی بڑی کمی کردی گئی۔چیئرمین سید نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 پیش کی گئی۔ سیکر ٹری تجارت جواد پال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا پالیسی کے تحت درآمد شدہ اشیا پر عائد ڈیوٹیوں میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی۔پانچ سال میں اوسط ٹیرف ریٹ 20.19 فیصد سے کم کر کے 9.70 فیصد کر دیا جائے گا۔ کسٹمز ڈیوٹی کی اوسط شرح 11.93 فیصد سے گھٹا کر 9.70 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کو 5سال میں مکمل طور پر ختم کرنے کی تجویز ہے جبکہ ریگولیٹری ڈیوٹی کو مرحلہ وار کم کر کے صفر کرنے کا منصوبہ ہے ۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ کسٹم ڈیوٹی کو زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود رکھا جائے گا۔اضافی کسٹمز ڈیوٹی کی شرح 6 فیصد سے 4 فیصد پھر 2 فیصد اور آخر میں صفر کرنے کا منصوبہ ہے ۔ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح 20 فیصد مقرر ہے جبکہ 1فیصد 2 فیصد اور 2.5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی جائے گی۔ سیکر ٹری تجارت نے بتایا ٹیرف ریشنلائزیشن کا مقصد مقابلہ پیدا کرنا اور صنعت کو مقابلہ کی فضا فراہم کرنا ہے ۔

اس اقدام سے خزانے پر 143.4 ارب روپے کے ریونیو اثرات کا تخمینہ ہے تاہم نقصان کو پورا کرنے کے لیے دیگر اقدامات کئے گئے ہیں۔اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی 40 فیصد سے کم کر کے 30 فیصدکرنے اور 5 سال کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے کہا آٹو انڈسٹری کو بہت زیادہ تحفظ دیا گیا ہے ۔ صرف تین کمپنیاں گاڑیاں بنائیں گی ، باہر سے گاڑی نہ آنے دیں ۔ گاڑیوں کی درآمد سے مقابلہ بڑھے گا اور قیمتیں کم ہوں گی۔

رکن کمیٹی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے انرجی پرائسز پر توجہ دینے اور چائنہ کی طرح انڈسٹری کو سہولیات دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے امریکہ کے ٹیرف پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے ۔ رکن کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے پوچھا کسٹم ڈیوٹی کم ہونے سے ریونیو کا نقصان کیسے پورا کیا جائے گا؟رکن کمیٹی شرمیلا فاروقی نے ڈیوٹیوں میں کمی کے صارفین کی قیمتوں پر اثرات کے بارے میں اندازہ لگانے کا مطالبہ کیا۔ سیکرٹری تجارت نے جواب دیانیشنل ٹیرفس کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور ففتھ شیڈول کو بھی ریشنلائز کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں