پنکی کے شریک ملزموں کی دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

 پنکی کے شریک ملزموں کی دائر  درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

کراچی (سٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف منشیات و غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں شریک ملزموں کی جانب سے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔۔۔

 جبکہ پولیس کو حتمی چالان جمع کرانے کے لیے مزید مہلت دے دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مقدمات کی سماعت کے دوران شریک ملزموں ذیشان اور سہیل کی جانب سے مقدمے سے نام خارج اور کال ڈیٹا ریکارڈ حاصل کرنے سے متعلق دو درخواستوں پر دلائل دیے گئے ۔اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عبد الرحمن تھہیم نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مرحلے پر ملزموں کے نام مقدمے سے خارج نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے سے نام خارج کرنے کی درخواست ریمانڈ کے مرحلے پر دائر کی جا سکتی ہے جبکہ ملزموں کی درخواست ضمانت بھی سیشن عدالت پہلے ہی مسترد کرچکی ہے ۔  پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے بعد شریک ملزموں نے اپنے موبائل فون نمبر بند کر دیے تھے ، اس لیے مقدمے سے نام خارج کرنے کی درخواست قابل قبول نہیں۔ پراسیکیوٹر عبد الرحمن تھہیم نے بھی عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مہلت دی جائے ۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے پولیس کو حتمی چالان جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی اور سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں