بحرانوں کے خاتمے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں:نیشنل کانفرنس

 بحرانوں کے خاتمے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں:نیشنل کانفرنس

قومی حکومت اورنئے صوبوں کے قیام کی تجویز، نیشنل یونٹی کمپین شروع کرنے کا اعلان محمد علی درانی، فواد چودھری ،سلمان غنی،مجیب شامی،چودھری سرور اور دیگر کا بھی خطاب

لاہور (سپیشل رپورٹر)نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی (این ڈی سی)کے زیر اہتمام نیشنل کانفرنس نے ملک سے سیاسی اور معاشی بحران کے خاتمے کو قومی سلامتی کا اولین تقاضا قرار دیتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان مذاکرات اور قومی حکومت کے قیام کی تجویز دیدی اور کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز میں قومی اتفاق رائے کیلئے نیشنل یونٹی کمپین شروع کر رہے ہیں، انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام، وفاقی اور صوبائی سطح پر فنانس کمیشن کی تشکیل نو، فعال بلدیاتی نظام کی موجودگی اور موروثی سیاست کا خاتمہ کرکے پاکستان میں جمہوریت مضبوط اور معیشت کی ترقی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزرا ء فواد چودھری ، محمد علی درانی ،ڈاکٹر خالد رانجھا ،سینئر صحافی و روز نامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی ،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی ، سہیل وڑائچ، حبیب اکرم، ایثار رانا،سابق گورنر پنجاب چودھری سرور ،سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل ،سابق رکن پنجاب اسمبلی امنہ الفت اورپلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب، محمود مولوی، سابق مشیر منیر احمد خان، بریگیڈئیر(ر)فاروق حمید کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے معاشی بحران، سیاسی انتشار اور جمہوری استحکام ، پاکستان کے موجودہ بحران اور مستقبل کے امکانات پراین ڈی سی کی لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ نیشنل کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ معرکہ حق اور عالمی امن معاہدے کے نتیجے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اب ایک بین الاقوامی لیڈر بن گئے اور اب تقاضا یہ ہے کہ ملک کے اندر بھی سیاسی استحکام کیلئے پالیسی وضع کی جائے ۔محمود مولوی نے کہاکہ نیشنل یونٹی کمپین کے ذریعے عوام اور سٹیک ہولڈرز کی مدد سے ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ۔ فواد چوھری نے کہا کہ کشمیر، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اس وقت ایک بحرانی کیفیت سے گزر رہے ہیں ۔

محمد علی درانی نے کہا کہ وزیراعظم اور صدر اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں، قومی حکومت تشکیل دے کر نئے عام انتخابات کرائے جائیں ۔مجیب الرحمان شامی نے کہا ہمیں مکالمے کی ضرورت پر زور دنیاچاہئے جو سیاسی قوتوں کے مابین ہو ۔سلمان غنی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اندر سنجیدہ لوگ ازخود پیچھے جا کر بیٹھ گئے انہیں آگے آنا چاہئے ،ہم آپس میں بات کرنے کی بجائے تیسری طرف دیکھ رہے ہیں ۔پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب نے کہا ملک میں سیاسی جمود ہے اس کا کوئی راستہ نہیں نکل رہا،سیاسی جمود کو حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں