امن و مذہبی ہم آہنگی کیلئے بین المسالک اتحاد ناگزیر :گورنر پنجاب
محرم الحرام کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دینا حکومتی ذمہ داری :سردار سلیم حکومت مہنگائی کے تناسب سے عوام کو ریلیف دے :گفتگو، بنوں دھماکوں کی مذمت
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ معاشرے میں امن اورمذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں بین المسالک اتحاد ناگزیر ہے ، حضرت امام حسینؓ کی شہادت نے حق اور سچ کے راستے پر ثابت قدم رہنے کا درس دیا، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف متحد ہوناوقت کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے امام بارگاہ نواب پیلس اور امام بارگاہ حویلی الف شاہ کے دورہ کے موقع پر شرکا ء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر لاہور کے مرکزی جلوس عاشورہ کے متولی آغا حسین قزلباش اور پی پی رہنما زاہد ذوالفقار خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں عزاداری اور محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محرم الحرام کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بنوں دھماکوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔