ممبر کور راجہ امجد کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے اظہارِ لاتعلقی
نوجوان افراتفری، بدامنی کے بجائے مثبت سیاست کی جانب آئیں ،ویڈیو بیان
مظفرآباد (دنیا نیوز)کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبر کور راجہ امجد علی خان ایڈووکیٹ نے تنظیم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ۔ ویڈیو بیان میں راجہ امجد علی نے کہا کہ جس پرامن تحریک کا آغاز عوامی مسائل کے حل کیلئے کیا گیا تھا، اس کا رخ موڑ کر اسے پاکستان اور کشمیرکے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے سادہ لوح نوجوانوں کو جیلوں میں پہنچایا گیا جبکہ پس پردہ معاملات طے کئے گئے ،آزاد کشمیر کے نوجوان اپنے مستقبل کو ایسی سرگرمیوں کی نذر نہ کریں اور مثبت سیاست کی جانب واپس آئیں ، انہوں نے واضح کیا کہ ان کا پاکستان کے خلاف اٹھنے والی کسی آواز یا کسی قوم پرست تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، بیرونی اشاروں پر افراتفری اور بدامنی پھیلانے والی انتشاری کمیٹی سے دیگر ارکان بھی لاتعلقی کا اعلان کر رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شرپسند عناصر کے پراپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے سے متاثر نہ ہوں کیونکہ ان سرگرمیوں کا عوامی مفاد سے کوئی تعلق نہیں ،ماہرین کے مطابق راجہ امجد علی خان کی لاتعلقی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کیلئے بڑا دھچکا ہے ۔