علما، دانشور معاشرے میں اتحاد، برداشت کو فروغ دیں، فیصل کنڈی
شہدا کی قربانیاں مشعلِ راہ ، نوجوان تعلیم، تحقیق اور محنت کو اپنا شعار بنائیں پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں ،کانفرنس سے خطاب
پشاور(آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی عوام ہیں اور قوم کے اتحاد سے ہی ملک مضبوط ہوتا ہے ۔ پاکستاننے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ شہدا کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم، تحقیق اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھتر پلین ضلع مانسہرہ میں جامعہ محمدیہ مجددیہ میں شہدائے اسلام و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر نے کہا کہ علما اور دانشور معاشرے میں اتحاد، برداشت اور اصلاح کو فروغ دیں ، پاکستان کا مؤقف ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ پر مبنی رہا ہے جبکہ مسلح افواج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیااور اس موقع پر مدرسہ کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔