جامشورو پاور پلانٹ کی درآمدی کوئلے سے تھر کول پر منتقلی کا فیصلہ
26 برس میں 3.239 ارب ڈالر بچت متوقع، فزیبلٹی سٹڈی مکمل، وزیر توانائی کو پیش جامشورو پلانٹ کی تبدیلی پر 86.2ملین ڈالر کی سرمایہ جاتی لاگت آئیگی، پاور ڈویژن
اسلام آباد(نامہ نگار)توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، جامشورو پاور پلانٹ کی درآمدی کوئلے سے تھر کول پر منتقلی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے 26 برس میں 3.239 ارب ڈالر بچت متوقع ہے ۔اس حوالے سے ڈورنیئر گروپ اور ای وائی پارتھینن نے بینک ایبل فزیبلٹی سٹڈی مکمل کر لی، وفاقی وزیر اویس لغاری کوفزیبلٹی سٹڈی باضابطہ طور پر پیش کر دی گئی۔پاور ڈویژن کے مطابق منصوبے سے 2.113 ارب ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہوگی، جامشورو یونٹ-1 کو 100 فیصد تھر لِگنائٹ پر منتقل کرنا تکنیکی طور پر قابلِ عمل ہے۔
منصوبہ معاشی طور پر انتہائی فائدہ مند، ماحولیاتی طور پر قابلِ انتظام ہوگا، پاور سیکٹر کو 1.720 ارب ڈالر کے مجموعی فوائد حاصل ہوں گے ۔پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی پیداوار کی لاگت میں 1.051 ارب ڈالر کی بچت متوقع ہے ، تھر کول مائنز کی توسیع سے 669 ملین ڈالر کے اضافی فوائد حاصل ہوں گے ، غیر ملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی میں کمی سے 1.519 ارب ڈالر بچت ہوگی، جامشورو پلانٹ کی تبدیلی پر 86.2 ملین ڈالر کی سرمایہ جاتی لاگت آئے گی۔