دوسرے روز بھی بہشتی دروازہ پر بھگدڑ،47زائرین زخمی

دوسرے روز بھی بہشتی دروازہ  پر بھگدڑ،47زائرین زخمی

پاکپتن(نمائندہ دنیا، سٹی رپور ٹر) حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒکا عرس جاری، بہشتی دروازہ کھلنے کے دوسرے روز بھی شدید بدنظمی رہی ، غیرضروری پولیس رکاوٹوں کے باعث دھکم پیل ، بھگدڑ مچنے کے باعث مزید 47افراد زخمی ہوگئے۔

 ریسکیو ترجمان کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 137 متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 16 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کنٹینر لگانے کا منصوبہ بھی ناکام ہو گیا،زائرین کی بڑی تعداد کے باعث داخلی اور خارجی راستوں پر شدیدرش دیکھنے میں آیا۔انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی سے مختلف مقامات پر دھکم پیل کی وجہ سے بہشتی لائن میں بدنظمی کے باعث مختلف مقامات پر بھگدڑ مچی۔بہشتی دروازہ اذان فجر تک کھلا رہا ۔دو راتوں میں زائرین کی بڑی تعداد نے بہشتی دروازہ گزرنے کی سعادت حاصل کی، تاہم ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث سینکڑوں زائرین بہشتی دروازہ گزرنے سے محروم رہ گئے ۔واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی بہشتی دروازہ سے گزرنے کے دوران بھگدڑمچنے سے 90سے زائد زائرین زخمی ہوگئے تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں