مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریبات اختتام پذیر

 مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کی تقریبات اختتام پذیر

سکھ یاتری اگلی منزلوں کی جانب روانہ، حکومت اور انتظامیہ کو خراجِ تحسین گورو نانک کی دھرتی چھوڑنے کا دل نہیں کرتا:یاتریوں کے جذباتی تاثرات

ننکانہ صاحب (خبر نگار)مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 187ویں برسی کے سلسلے میں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں جاری تین روزہ مذہبی تقریبات بھوگ کی رسم کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ اختتامی تقریب میں امن، سلامتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تقریبات کے اختتام پر بھارت سے آئے 300 سے زائد سکھ یاتری سخت سکیورٹی حصار میں اپنی اگلی منزلوں گورودوارہ سچا سودا (فاروق آباد)اور گورودوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) کے لیے روانہ ہو گئے۔

سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات، سکیورٹی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے   ہوئے حکومت پاکستان، ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیااورکہاکہ بابا گورو نانک دیو جی کی دھرتی پر انہیں بے پناہ محبت، عزت اور اپنائیت ملی، جس کی یادیں وہ ہمیشہ اپنے ساتھ لے کر جائیں گے ۔ گورو کی دھرتی کو چھوڑنے کا دل نہیں کرتا اور وہ بجھے دل کے ساتھ یہاں سے رخصت ہو رہے ہیں، تاہم انہیں امید ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان آ کر اپنے پاکستانی بھائیوں سے ملاقات کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں