فیفا ورلڈ کپ:پرتگال نے ازبکستان کو5-0سے ہرادیا
ناروے نے سینیگال کو ہرا کر پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا ئی فرانس بھی عراق کو 3-0سے شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلے میں داخل
نیو جرسی ،فلاڈیلفیا(سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال نے ازبکستان کو5-0سے شکست دے دی۔ الجیریا نے اردن کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔ناروے نے سینیگال کو دلچسپ مقابلے کے بعد ہرادیا اور پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنالی،فرانس نے بھی عراق کو 0-3 سے شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔گروپ جے کے میچ میں الجیریا کی جانب سے پہلا گول نادر بنوبلی اور دوسرا گول امینی نے سکور کیا۔ نیو جرسی میں ناروے اور سینیگال کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جس دوران ناروے نے سینیگال کے خلاف 3-2 کی زبردست فتح حاصل کی اور پہلی بار ورلڈکپ میں ناک آٹ مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔ناروے کی جانب سے سٹار کھلاڑی ایرلنگ ہالینڈ نے 2 گول کیے جب کہ پیڈریسن نے ایک گول سکور کیا۔ سینیگال کے دونوں گول سار نے بنائے ۔ دوسری جانب فلاڈیلفیا کے سٹیڈیم میں گروپ آئی کے میچ میں فرانس نے عراق کو 0-3 سے شکست دے کر ناک آٹ مرحلے میں جگہ بنالی، سٹار کھلاڑی ایمباپے نے 2 گول سکور کیے ۔ یہ ورلڈ کپ میں ان کا مجموعی طور پر 16واں گول تھا ، یوں وہ 16 گول کے ساتھ جرمنی کے میرو سلاو کلوزے کے برابر آگئے ہیں۔فرانس کی جانب سے تیسر ا گول عثمان ڈیمیبلے نے 66 ویں منٹ میں بنایا۔