راولپنڈی سمیت 6اضلاع میں آئی ٹی اور انوویشن کے نئے منصوبے

راولپنڈی سمیت 6اضلاع میں آئی ٹی اور انوویشن کے نئے منصوبے

انوویٹ پنجاب۔لیڈرز آف دی فرنٹیر ٹیک انکیوبیٹرز کیلئے 43کروڑ روپے مختص کیے گئے پنجاب فرنٹیر ٹیک سکلز ایکسلریشن اینڈ آئی سی ٹی فار گرلزکیلئے 40کروڑ روپے کی رقم تجویز

راولپنڈی(زاہداعوان )پنجاب حکومت کا راولپنڈی سمیت صوبے کے6اضلاع میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انوویشن کے فروغ کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 12ارب 32کروڑ 48لاکھ روپے سے زائد کی مجموعی تخمینہ لاگت سے نئے منصوبوں کا اعلان، مالی سال 2026-27کے بجٹ میں ابتدائی طور پر 83 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے ۔ ان نئے منصوبوں کے تحت راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور بہاولپور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں انوویٹ پنجاب۔لیڈرز آف دی فرنٹیر ٹیک انکیوبیٹرز کا بڑا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

جس کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 7 ارب 19 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے اور نئے سال کے بجٹ میں اس کے لیے 43 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی صوبہ بھر میں ''پنجاب فرنٹیر ٹیک سکلز ایکسلریشن اینڈ آئی سی ٹی فار گرلز''نامی ایک اور اہم منصوبے کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے جس پر 5 ارب 13 کروڑ 44 لاکھ روپے سے زائد کی خطیر رقم خرچ ہوگی اور اس مقصد کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 40 کروڑ روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے تاکہ نوجوانوں بالخصوص خواتین کو جدید تکنیکی مہارتیں فراہم کر کے ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں