سکولوں میں اساتذہ کی ویری فکیشن ، کیمرے نصب کرنیکا حکم

 سکولوں میں اساتذہ کی ویری فکیشن ، کیمرے نصب کرنیکا حکم

طلبہ کے تحفظ میں کوتاہی پر پرنسپل،سکول مالکان ذمہ دار ہو نگے :لاہور ہائیکورٹ شکایات کے خفیہ نظام قائم کئے جائیں :عدالت، زیادتی کیس میں ٹیچر کی ضمانت مسترد

لاہور(محمداشفاق)لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر طالبعلم سے زیادتی کیس میں ٹیچر کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے پنجاب کے تمام سکولوں میں اساتذہ اور عملے کی مکمل ویری فکیشن کرنے اور سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کاحکم دیدیا ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے 5صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ کیلئے اہم پالیسی رہنما اصول بھی جاری کر دئیے ۔ عدالت نے حکومت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن ٹریننگ لازمی قرار دی جائے ،سکولوں میں شکایات کے خفیہ نظام قائم کئے جائیں ،سکولوں میں باقاعدہ نگرانی اور آڈٹ کا نظام بنایا جائے ، ٹیچرز کی سکولز میں بھرتی سے قبل پولیس سرٹیفکیٹ اور نادرا کا ریکارڈ چیک کرنا لازمی قرار دیا جائے ، سیکس آفینڈرز رجسٹرڈ کے رولز کو اپنایا جائے ،سکولز کے تمام سٹاف کا ریکارڈ اور ماضی کی جانچ پڑتال لازمی کی جائے۔

تعلیمی اداروں میں طلبہ کے تحفظ میں کوتاہی پر پرنسپل،سکول مالکان ذمہ دار ہو نگے ، نادرا کے سیکس آفینڈرز رجسٹرڈ سے ریکارڈ چیک کرنے کے بعد ٹیچر کو بھرتی کیا جائے ، پنجاب کے تمام سکولوں میں اساتذہ اور عملے کی مکمل ویری فکیشن کرنے اور سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کاحکم دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ فیصلے کی نقل وزارت قانون ، چیف سیکرٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن سمیت متعلقہ حکام کو بھجوا کر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثناء عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزم شان علی عرف ذیشان کے خلاف پولیس سٹیشن صدر ضلع رحیم یار خان میں مقدمہ درج ہے جس میں اس پر 12سالہ طالبعلم نے الزام عائد کیا کہ ملزم استاد نے سکول میں اس کے ساتھ بدفعلی کی اور شریک ملزم نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی ۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی درخواست ضمانت مستردکرنے کا حکم جاری کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں