پاکستان، ایران کازرعی تعاون تجارت بڑھانے پر اتفاق

پاکستان، ایران کازرعی تعاون  تجارت بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے ایران کے وزیرِ جہادِ زراعت غلام رضا نوری قزلجہ کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔۔۔

 جس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے نئی راہوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زراعت، لائیو سٹاک، غذائی تحفظ، زرعی تحقیق اور تجارتی سہولت کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں فریقین نے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور موجودہ معاہدوں کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ رانا تنویر حسین نے اپنے 2025 کے ایران کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران نے پاکستانی چاول، آم اور گوشت کی درآمد میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

ایرانی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایران کی گوشت کی مجموعی درآمدی ضروریات کا تقریباً 60 فیصد پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستانی لائیو سٹاک مصنوعات کے معیار پر اعتماد کا اظہار کیا۔اجلاس میں پاکستان ایران مشترکہ ورکنگ کمیٹی برائے زراعت کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور اسے مکمل طور پر فعال بنانے پر اتفاق ہوا۔ دونوں وزراء نے طے کیا کہ مشترکہ اعلامیے کے فیصلوں پر آئندہ دو ماہ میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ دونوں وزراء نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ زرعی تجارت کی مکمل صلاحیت سے استفادہ، نجی شعبے کی شمولیت کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں