ای سی سی :کئی وزارتوں اور ڈویژنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری
اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز جاری کرنے اور کئی وزارت اور ڈویژنز کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی۔
ای سی سی کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہوا۔ وزارتِ دفاع کی جانب سے پیش کی گئی دو سمریوں کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے یومِ آزادی اور "معرکۂ حق" کی تقریبات 2025 کے اخراجات کے لیے 1 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔ کمیٹی نے بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے (پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس )اور پاکستان پولیس سروس کے افسروں کے لیے مراعاتی پیکج پر عمل درآمد کے لیے 31 کروڑ 23 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی۔ کے -الیکٹرک کے لیے مختص 97 ارب 64 کروڑ 90 لاکھ روپے کو انٹر ڈسکو ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی میں منتقل کرنے اور ٹیسکو کے 44 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ روپے کے بقایا سبسڈی دعووں کی ایڈجسٹمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔