فرح شہزادی کمپنی کیس:چیف جسٹس وکیل کی عدم پیشی پر برہم

 فرح شہزادی کمپنی کیس:چیف جسٹس وکیل کی عدم پیشی پر برہم

کیا لاہور ہائیکورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ سے چھوٹی عدالت ؟ عالیہ نیلم کااستفسار نیب نوٹسز کے خلاف درخواست کی جلد سماعت کی استدعا غیر معینہ مدت تک ملتوی

 لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح شہزادی کی کمپنی کی جانب سے نیب نوٹسز کے خلاف دائر درخواست کی جلد سماعت سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق عدالت میں پیش نہ ہوئے ، جس پر چیف جسٹس نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔جونیئر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اظہر صدیق اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

اس پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے کہ جب خود جلد سماعت کی درخواست دائر کی گئی تو پھر عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے ؟ انہوں نے کہا کیا لاہور ہائیکورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ سے چھوٹی عدالت ہے ؟ اگر سپریم کورٹ میں مصروفیت ہوتی تو بات سمجھ آتی ، اگر پیش ہونا ممکن نہیں تھا تو جلد سماعت کی درخواست دائر کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی۔جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ غالباً کلرک کی غلطی سے تاریخوں میں ابہام پیدا ہو گیا۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ متفرق درخواست میں فرح شہزادی نے اپنی کمپنی کو جاری کئے گئے نیب نوٹسز کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں