پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے استحکام کیلئے نیا فنڈ قائم
سرکاری اکاؤنٹ مختص،صوبوں کو فنڈ وصولی کیلئے انتظامات مکمل کرنیکی ہدایت اوگرا،وزار ت خزانہ فنڈ کا آپریشنل طریقہ کار اور نفاذ کا لائحہ عمل تیار کریں گے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے پٹرولیم پرائس سٹیبلائزیشن فنڈ قائم کر دیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ نے جاری کر دیا ۔وزارتِ خزانہ کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کم کرنے کیلئے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کیلئے سرکاری اکاؤنٹ مختص کر دیا گیا ہے اور وزارتِ خزانہ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا ہے ۔ صوبائی حکومتوں کو بھی فنڈ کی وصولی سے متعلق ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔وزارتِ خزانہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے ، جبکہ اوگرا اور وزارتِ خزانہ مشترکہ طور پر فنڈ کے آپریشنل طریقہ کار اور اس کے نفاذ کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔