دنیاکام کررہی اورآپ ؟عدالت ڈی جی زینب الرٹ پربرہم
آپ صرف ڈیٹادیتے یابچوں کی ریکوری کابھی کام کرتے ہیں،جسٹس ارباب
اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 16سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیااستعمال سے نقصانات کے خلاف کیس میں ڈائریکٹر جنرل زینب الرٹ کی جانب سے جمع رپورٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے این سی سی آئی اے کو بھی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیاکہ آپ نے میرا سوالنامہ کسی کو بھیجا ہے اور جواب لکھوا لیے کیا؟ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ڈائریکٹر جنرل زینب الرٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پوری دنیا کام کر رہی ہے آپ کیا کر رہے ہیں ؟، جو چیز پوچھی گئی ہے اسکا جواب تو آپ نے دیا نہیں، زینب الرٹ ڈی جی نے بتایاکہ تفصیلی رپورٹ جمع کروا دی ہے ،جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیاکہ آپ صرف ڈیٹا دیتے ہیں یا بچوں کے تحفظ ،انکی ریکوری پر بھی کوئی کام کرتے ہیں؟، ڈی جی زینب الرٹ نے کہا ہم بچوں کو ریکور کرتے ،ان کے دماغی مسائل کا علاج کرواتے ہیں،ابھی تک 5 ہزار سے زائد بچے ریکور کیے ہیں، عدالت نے مزید سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔