صوبے سر پلس اور وفاق خسارے میں جا رہا ، مفتاح اسماعیل
مریم نواز نے بڑے پروجیکٹ شروع کئے ، لیکن ان کی ایلو کیشن بہت کم رکھی حکومت نے بڑے زمین داروں کو بری الذمہ کر رکھا ، پروگرام مہربخاری کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اس سال چاروں صوبوں نے ملا کر تقریبا 1700 ارب روپے سرپلس کیا تھا،اگلے سال 1800 ارب سرپلس کرنے ہیں، اس کے بعد آپ نے نشاندہی کی ہے کہ ایک ہزار ارب روپے صوبے وفاق کو گرانٹ کے طور پر دیں گے ، اس کی وجہ یہ ہے کہ صوبے بڑے بڑے سرپلس کررہے ہیں اور وفاق بہت زیادہ خسارے میں ہے ، دنیا نیوز کے پروگرام '' مہربخاری کے ساتھ''میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ یہ کہنا پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہے یہ بات درست نہیں ہے ،اس لئے جو ٹیکس آپ وفاق کو دیتے ہیں، اس میں 60 فیصد پیسہ صوبوں کو چلا جاتا ہے ، جس میں آ دھا حصہ پنجاب کو جاتا ہے ، چوتھائی پیسہ سندھ کو جاتا ہے ، دس فیصدپیسہ بلوچستان کو، 15 فیصد پیسہ کے پی کو جا تا ہے ، شہری جو، صابن ،شیمپو ودیگر اشیا خریدتے ہیں اس پر ٹیکس دیتے ہیں، ہم انکم پر بھی ٹیکس دیتے ہیں،یہ سارے پیسے پنجاب، سندھ کو جارہے ہوتے ہیں، پنجاب نے اس بار یہ کیا ہے کہ بہت بڑے منصوبے کا آغاز کیا ہے ،مطلب کوئی سو ارب کا منصوبہ ہے لیکن اس کیلئے 50 کروڑ رکھے ہیں،یہ منصوبے مریم نواز، نواز ، شہباز و دیگر کے نام سے شروع ہونے ہیں، مریم نواز نے ناموں کے حوالے سے بڑے بڑے پروجیکٹ شروع کئے ہیں، لیکن ان کی ایلو کیشن بہت کم رکھی ہے ، حکومت موٹر سائیکل والے ، ملازمین سے ٹیکس لے لیتی ہے ،لیکن حکومت نے بڑے زمین داروں کو بری الذمہ کر رکھا ہے ۔