ڈیجیٹلائزڈ نظام سست، گرین سرٹیفکیٹ کے حصول میں شہریوں کو شدید مشکلات

ڈیجیٹلائزڈ نظام سست، گرین سرٹیفکیٹ کے حصول میں شہریوں کو شدید مشکلات

شہری گھنٹوں انتظارپر مجبور ، سینکڑوں مواضعات ڈیجیٹلائز نہ ہوسکے ،بورڈ آف ریونیو سے دو ماہ کی مہلت طلب نظام بہت اچھا ہے ،انتظامات اچھے نہیں ہیں ،شہری ،گرین سرٹیفکیٹ سے قبضہ مافیا کی نشاندہی ہوگی :چیئرمین پلرا

لاہور (عمران اکبر)پنجاب میں 486 سالہ پرانے فردِ بیع (ریونیو) نظام کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، تاہم نئے متعارف کرائے گئے گرین سرٹیفکیٹ کے حصول میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، لاہور سمیت صوبے بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں ڈیجیٹلائزڈ نظام سست روی کا شکار ہے ، جس کے باعث درخواستوں کے اندراج کے لیے شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) طاہر سبحانی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں چیلنجز ضرور ہیں ، لیکن گرین سرٹیفکیٹ (GPC) کے ذریعے شہریوں کو شفاف اور فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ فردِ بیع کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اب سروس پارسل رسید کے ذریعے پراسیس کا آغاز ہو گا، جبکہ فیلڈ سٹاف موقع پر جا کر تصدیق کرے گا،گرین سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے چار بنیادی دستاویزات لازمی قرار دی گئی ہیں،جن میں مالک کا نام، اصل شناختی کارڈ، رجسٹری، رجسٹرڈ موبائل نمبرشامل ہیں،فیس جمع کروانے کے بعد درخواست گزار کو دو گواہ ساتھ لانا ہوں گے ، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی منظوری کے بعد ہی سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ حکمِ امتناعی، بینک لیز، فروخت شدہ یا غیر مالک رقبے پر گرین سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا، اگر ریکارڈ سے نام مطابقت نہ رکھے تو درخواست فوری طور پر مسترد کر دی جائے گی،شہریوں نے اس نئے نظام پر ملا جلا ردعمل ظاہر کیا ہے ۔

بعض افراد کا کہنا ہے کہ انتظامات اچھے نہیں،گھنٹوں انتظار کے باوجود شنوائی نہیں ہوتی، ایک شہری نے کہا کہ ابھی ابتدا ہے لیکن یہ نظام بہت اچھا ہے ،دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں سینکڑوں مواضعات تاحال ڈیجیٹلائز نہیں ہو سکے ، جس کے باعث وہاں گرین سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیے جا سکیں گے ، ضلعی انتظامیہ لاہور نے اس صورتحال کے پیش نظر بورڈ آف ریونیو سے مزید دو ماہ کی مہلت طلب کر لی ہے اور ان مواضعات میں عارضی طور پر مینول فرد کے اجرا کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ڈپٹی کمشنر لاہور، کیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے کہاہے کہ شہری اعتماد کے ساتھ گرین سرٹیفکیٹ حاصل کریں اور مقررہ طریقہ کار پر عمل کریں۔چیئرمین پلرا (PLRA)طاہر سبحانی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام لینڈ ریکارڈ کو شفاف بنانے اور قبضہ مافیا کی نشاندہی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر د ئیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں