اسلام آباد میں 3 ٹاؤنز کارپوریشن، تجویز وزیراعظم کو ارسال

 اسلام آباد میں 3 ٹاؤنز کارپوریشن، تجویز وزیراعظم کو ارسال

وفاقی دارالحکومت میں 3ٹاؤنز کارپوریشنز بننے کے بعد یوسیز کی تعدادکا تعین کیا جائیگا

 اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد کو 3 کارپوریشنز میں تقسیم کرنے کی تجویز منظوری کے لیے وزیراعظم کوبھجوادی۔ وزارت داخلہ نے مقامی حکومت کے انتخابات کرانے کے لیے وفاقی دارالحکومت کو تین ٹاؤنز کارپوریشنز میں تقسیم کرنے کی تجویز تیارکی ہے ۔ اسلام آباد کو ٹاؤن کارپوریشن ون، ٹاؤن کارپوریشن ٹو اور ٹاؤن کارپوریشن تھری میں تقسیم جائے گاجن کی منظوری کے بعد یونین کونسلز کی تعداد کاتعین کیا جائے گا۔

وزارت داخلہ نے اس حوالہ سے نقشہ جات تیار کیے ہیں جن میں تجویز کردہ تینوں ٹاؤنز کارپوریشنز کی حدود اور رقبہ و آبادی کاتعین کیا گیاہے ۔ وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے مجوزہ تینوں ٹاؤنز کارپوریشنز کی تفصیل ،نقشہ جات کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کی ہے ۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے یونین کونسل کی تعداد کے مطابق حلقہ بندیاں اور دیگر قانونی عمل شروع کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں