سردار تنویر الیاس ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
اسلام آباد (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چودھری علی شان سونی، سابق وزیر صحت انصار ابدالی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید نے بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ، عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا اعلان بھی کیا۔