بڑھتی آبادی چیلنج ، ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا :مریم اورنگزیب
حکومت آبادی و وسائل میں توازن کیلئے حکمت عملی اختیار کر رہی :سینئر وزیرپنجاب مضبوط سیاسی عزم کے ساتھ مربوط نظامِ صحت بھی ناگزیر ہے :خواجہ عمران نذیر
لاہور (خبر نگار،اے پی پی)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بڑھتی آبادی بڑا چیلنج ، حکومت پنجاب آبادی اور وسائل میں توازن کو صوبے کی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کیلئے اولین ترجیح بنا رہی ہے ،آبادی اور وسائل میں توازن کا ہدف حکومت اکیلے حاصل نہیں کر سکتی بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وہ لاہور کے نجی ہوٹل میں پاپولیشن کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ آبادی اور وسائل میں توازن سے متعلق اعلیٰ سطحی لرننگ ایونٹ سے خطاب کر رہی تھیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر ،پاپولیشن کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر علی محمد میر،دیگر اراکین اسمبلی و ماہرین نے بھی اظہار خیال کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب آبادی اور وسائل میں توازن کیلئے "ہول آف گورنمنٹ" حکمت عملی اختیار کر رہی ہے ،پاکستان کی آبادی تقریباً 24 کروڑ جبکہ پنجاب کی آبادی 13 کروڑ ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصب سنبھالنے کے بعد آبادی سے متعلق درست ڈیٹا کی تیاری کو ترجیح دی گئی اور جولائی تک یہ ڈیٹا مکمل کر لیا جائے گا، جس سے مستقبل کی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی ۔انہوں نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دل دہلا دینے والا سانحہ ہے ،حکومت نے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، تاہم اجتماعی احساسِ ذمہ داری بھی ناگزیر ہے ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ آبادی اور وسائل میں توازن کیلئے مضبوط سیاسی عزم کے ساتھ مربوط نظامِ صحت، معیاری خدمات اور مانع حمل ادویات کی بلا تعطل فراہمی ناگزیر ہے ۔