کالعدم ایکشن کمیٹی کے لبادہ میں پی پی کارکنوں نے حملہ کیا:شاہ غلام قادر

کالعدم ایکشن کمیٹی کے لبادہ میں پی پی کارکنوں نے حملہ کیا:شاہ غلام قادر

جعلی تصاویر میں مجھے لہو لہان دکھا یا گیا، واقعہ میں پی پی امیدوار کا ڈرائیور ملوث تھا امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرچکے ،الیکشن مؤخر کرنے کے ہتھکنڈے قبول نہیں،پریس کانفرنس

 مظفرآباد (محمد اسلم میر سے )مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا تمام امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردئیے ہیں،الیکشن مؤخر کرنے کے ہتھکنڈے قابل قبول نہیں۔ آزادکشمیر کے مسائل کا حل الیکشن میں ہے ۔ آزادکشمیر میں جو بحران ہے حکومت آزادکشمیر اسے کسی اور کے کھاتے میں ڈالنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہو ئے نیلم ویلی میں بدھ کے روز ہونے والے ناخوشگوار واقعہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نیلم ویلی کی انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ،میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لبادے میں اور اسکا نام استعمال کر کے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے حملہ کیا ، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے کہتا ہوں کہ جاگ جائیں، آپ کو سچائی کا ادراک ہونا چاہیے ۔

میں کُٹن میں تھا جہاں انٹرنیٹ نہیں،واقعہ کے تین منٹ بعد پیپلز پارٹی کے مقامی امیدوار کے بیٹے نے اسلام آباد فون کر کے اے آئی سے تخلیق کردہ جعلی تصاویر وائرل کروا ئیں جن میں مجھے لہو لہان دکھایا گیا۔جب ہم باٹا کے مقام پر بیٹھے تھے وہاں بھی اچانک پتھراؤ کیا گیا اور ایک فائر بھی ہوا ، واقعہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کا ڈرائیور ملوث تھا جس کی فوٹیج بھی ہمارے پاس ہے ۔ پیپلز پارٹی میدان ہار چکی ہے اور اب فرارکے بہانے ڈھونڈ رہی ہے ، اس کی پوری کوشش ہے کہ الیکشن ملتوی ہوں ۔ الیکشن کا بروقت انعقاد حکومت آزادکشمیر اور چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری ہے ، مجھے امید ہے کہ وہ کوتاہی نہیں کریں گے ۔ ہم الیکشن میں بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائیں گے ۔ہر ضلع میں میاں نواز شریف ، مریم نواز شریف اور دیگر قائدین بھی آئیں گے ۔ آزادکشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا اگر حکومت آزادکشمیر ہمیں کہے گی تو ہم ضرور معاونت کریں گے ، انہوں نے مزید بتایا مسلم لیگ کے انتخابی منشور کی نوک پلک درست کی جارہی ہے اور چند دن میں اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں