آزاد کشمیر الیکشن سے فرار پی ٹی آ ئی کی سیاسی کمزوری،طارق فضل
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر الیکشن سے فرار کا فیصلہ ان کی سیاسی کمزوری ہے ، پی ٹی آئی عوامی حمایت نہ ملنے کے خوف کی وجہ سے الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے ۔
جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو جماعت خود کو عوام کی سب سے بڑی نمائندہ قرار دیتی رہی، آج وہی عوام کے فیصلے سے بچنے کے لیے نت نئے جواز تراش رہی ہے ، اگر واقعی عوام کے حقوق اور جمہوریت پر یقین ہوتا تو میدان نہ چھوڑتے ، ہر انتخاب سے قبل ماحول کو متنازع بنانا اور اداروں پر الزامات لگانا ان کا وتیرا بن چکا ہے ، سیاسی جماعتیں عوام کے فیصلوں سے بھاگتی نہیں بلکہ ان کا سامنا کرتی ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ انتخابات سے فرار کسی اصول کی علامت نہیں بلکہ عوامی اعتماد سے محرومی کا اعتراف ہوتا ہے ،عوام بخوبی جانتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ کا راستہ بائیکاٹ اور سیاسی ڈراموں سے نہیں صرف بیلٹ بکس سے گزرتا ہے ۔