پاسکو ملازمین کیلئے 4 ارب 19 کروڑ کا سیورنس پیکیج منظور
سیلاب سے متاثرہ 82سومیٹرک ٹن گندم کو بذریعہ بولی نیلام کرنے کی منظوری
اسلام آباد (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کے ملازمین کیلئے 4 ارب 18کروڑ 80لاکھ روپے کے سیورنس پیکیج کی منظوری دیدی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کویہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں غذائی تحفظ، عوامی شعبے میں اصلاحات اور پاکستان کے بین الاقوامی وعدوں اور ذمہ داریوں سے متعلق مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے پیش کی گئی متعدد سمریوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی اس سمری کی منظوری دی گئی جس کے تحت پاسکو کے سیلاب سے متاثرہ 8197.989 میٹرک ٹن گندم کو کھلی، شفاف اور مسابقتی بولی کے ذریعے نیلام کیا جائے گا۔ یہ نیلامی کسی آزاد فریق (تھرڈ پارٹی) کی توثیق سے مشروط ہوگی تاکہ مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے ، خراب شدہ گندم کے ذخائر کو شفاف انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے اور پاسکو کی تنظیم نو اور مرحلہ وار تحلیل کے عمل میں معاونت فراہم کی جا سکے ۔