سیاسی و معاشی مسائل کا حل مل بیٹھنے میں ہے ،راناثنا

سیاسی و معاشی مسائل کا حل مل بیٹھنے میں ہے ،راناثنا

پی ٹی آئی نے مذاکرات پر آمادگی ظاہر نہیں کی ،ان کو سیاست کرنی چاہئے آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ نہ لینے کی حکمت عملی درست نہیں ہے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ ملک کے سیاسی و معاشی مسائل کا حل سیاستدانوں کے مل بیٹھنے میں ہی مضمر ہے ،ٹی وی کے سا تھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ اجلاس کے دوران خود  4 مرتبہ اپوزیشن کے پاس جا کر انہیں مذاکرات کی باقاعدہ دعوت دی ہے ، تاہم اپوزیشن کی جانب سے ابھی تک آمادگی کا باقاعدہ اظہار نہیں کیا گیا، وزیراعظم کی پیشکش کے بعد میں نے محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر خان، اسد قیصر اور عامر ڈوگر سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ،انہوں نے جواب دیا کہ ‘اچھا ٹھیک ہے ، ہم مشاورت کے بعد آپ کو بتائیں گے۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن سے رابطوں میں حکومت کو کوئی مشکل درپیش نہیں لیکن اگر اپوزیشن یہ کہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر حکومت سے مل بھی نہیں سکتے ، تو یہ ان کی پارٹی کا اندرونی مسئلہ ہے اور ایسی سوچ کا حکومت کے پاس کوئی حل یا علاج نہیں ہے ،رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں ضرور لڑیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ سیاست بھی کریں، خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت چلائیں اور پنجاب و وفاق میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر انتخابات میں حصہ نہ لینے پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا اگر پی ٹی آئی یہ سمجھتی ہے کہ انہیں کسی الیکشن سے فائدہ نہیں ہوگا اور وہ وہاں کی صورتحال کا حصہ نہیں بنتے ، تو یہ درست حکمتِ عملی نہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں