لاہور کے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول

لاہور کے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول

لیسکو کے ہر سب ڈویژن میں روزانہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات عام

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )لیسکو ریجن میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی طلب بڑھنے کے ساتھ ساتھ تکنیکی خرابیوں میں بھی اضافہ ، شہر میں وقفے وقفے سے بجلی کی ٹرپنگ جاری ،متعدد علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی بند رہنا معمول بن گیا۔ہر سب ڈویژن میں 24 گھنٹے میں اوسط 2 سے 3 ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات ہیں۔ تاج پورہ،ہربنس پورہ، داروغہ والا، امرسدھو، کاہنہ،شاہدرہ ،رچنا ٹاؤن ،امامیہ کالونی ،بیگم کوٹ، فیروز والا،مصطفی آباد، عامر ٹاؤن،تاج باغ، اسلامیہ پارک کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہی۔ لیسکو کی بجلی کی طلب دن کے اوقات میں 3700 سے 3900 میگاواٹ تک رہتی ہے تاہم شام اور رات کے اوقات میں بجلی کا شارٹ فال 4 سے 5 سو میگاواٹ تک ہوجاتا ہے ،سسٹم کو ٹرپنگ سے بچانے کیلئے رات کے اوقات میں جبری لوڈشیڈنگ بھی کی جاتی ہے ۔لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی کے پاس 1036 ٹرالی ماؤنٹڈ ٹرانسفارمرز میں سے 544 ہنگامی متبادل استعمال کیلئے ہر وقت دستیاب ہیں ، خراب ٹرانسفارمرز کی شکایات کا فوری ازالہ، فالٹس کا بروقت خاتمہ اور خراب ٹرانسفارمرز کی جلد تبدیلی ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں