فاروق سکندرکا لیگی امیدواروں کی حمایت کا اعلان

 فاروق سکندرکا لیگی امیدواروں کی حمایت کا اعلان

امیر مقام سے ملاقات میں اتفاق ہوا، مرتضیٰ گیلانی کابھی مسلم لیگ ن نہ چھوڑنے کا اعلان ہماری جماعت اپنے ساتھیوں کو کبھی مایوس نہیں کر یگی ، وزیر امور کشمیر کا اظہار تشکر

 اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائشگاہ پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے رہنما فاروق سکندر اورحلقہ LA-28 مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر مرتضیٰ گیلانی نے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور پارٹی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے فاروق سکندر سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کی بھرپور حمایت کی درخواست کی جس پر فاروق سکندر نے پارٹی مفاد اور وسیع تر سیاسی ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ انتخابات میں پارٹی کے نامزد امیدواران کی حمایت کی یقین دہا نی کرا ئی جس پر امیر مقام نے فاروق سکندر کا شکریہ ادا کیا ۔ملاقات میں مرتضیٰ گیلانی نے فیصلہ کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) میں ہی رہیں گے ۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مفاد میں دونوں حلقوں سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کا اعلان کیا۔مرتضیٰ گیلانی نے کہا کہ انہیں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے متعدد پیشکشیں موصول ہوئیں لیکن پارٹی مفاد کو ترجیح دی۔ امیر مقام نے مرتضیٰ گیلانی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ان شا اللہ ہماری جماعت اپنے ساتھیوں کے ساتھ وفا نبھا ئے گی اور آپکو کبھی مایوس نہیں کریگی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں