5 جولائی کو عوامی مینڈیٹ بندوق کی نوک پر چھینا گیا ، بلاول بھٹو
آج کے دن بھٹو شہید کی دشمنی میں ملک کو صدیوں پیچھے دھکیلا گیا ،نیئر بخاری پی پی عہدیدار ،کارکن آج ریلیوں کا انعقاد کریں ،چودھری یاسین ، فیصل ممتاز راٹھور
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 کے دن کو پاکستان کی جمہوری روح پر تاریک زخم کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، یہ وہ دن تھا جب عوام کے مینڈیٹ کو بندوق کی نوک پر چھین لیا گیا، آئین کو پامال ، جمہوریت کو زنجیروں میں جکڑا اور لاکھوں لوگوں کی امیدوں کو آمریت نے بجھا دیا۔ انہوں نے سانحہ 5 جولائی کے 49 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنرل ضیا الحق کی آمریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زیرِ قیادت قائم ملک کی پہلی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے تک محدود نہیں تھی بلکہ یہ عوام کے اپنے مستقبل کا فیصلہ ووٹ کی طاقت سے کرنے کے بنیادی حق پر حملہ تھا۔
شہید بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کی شہادت کے بعد محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک پر مسلط سنگین ترین حالات کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے ان بے شمار جیالوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے قید و بند، تشدد، ظلم و ستم برداشت کیا مگر جمہوریت کے مشن سے کبھی دستبردار نہ ہوئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہدا کا صرف سوگ منا کر نہیں بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینزنیئر حسین بخاری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5جولائی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھٹو شہید کی دشمنی میں ملک کو کئی صدیاں پیچھے دھکیل دیا گیا ۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا 5 جولائی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے ، جب آئین، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے تمام ضلعی، ڈویژنل، سٹی اور تحصیل عہدیداروں اورکارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ آج ریلیوں ، احتجاجی اجتماعات کا انعقاد کریں اور آمریت اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔