ہسپتالوں میں ایم آر آئی کنٹراسٹ انجکشن نایاب

 ہسپتالوں میں ایم آر آئی کنٹراسٹ انجکشن نایاب

مریض "گیڈولینیم"انجکشن بازارسے خریدنے پر مجبور،قیمتیں بھی بڑھ گئیں انجکشن دستیابی کو ممکن بنایا جا رہا ، جلد سپلائی بحال کر دی جائیگی :وزیر صحت

لاہور (بلال چودھری )لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایم آر آئی کیلئے استعمال ہونے والا کنٹراسٹ انجکشن گیڈولینیم نایاب ،ہزاروں مریض پریشانی کا شکار ہو گئے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق لاہور میں میو ہسپتال، جنرل ہسپتال، سروسز ہسپتال، جناح ہسپتال، گنگارام ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں کروڑوں روپے مالیتی ایم آر آئی مشینیں موجود ہیں لیکن کنٹراسٹ انجکشن دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کے مکمل ٹیسٹ نہیں ہو پا رہے ۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کنٹراسٹ انجکشن کے بغیر ایم آر آئی رپورٹ مکمل اور درست نہیں ہو سکتی، انجکشنز کی قلت کے باعث غریب مریضوں کے علاج میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے اور وہ مہنگا ٹیسٹ کروانے سے قاصر ہیں تاہم کئی مریضوں کو مجبوراً نجی میڈیکل سٹورز سے کنٹراسٹ انجکشن خریدنا پڑ رہا ہے اور مارکیٹ میں گیڈولینیم انجکشن کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری جانب صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ پرچیز میں کنٹراسٹ انجکشن کی دستیابی کو ممکن بنایا جا رہا ہے ، جلد ہسپتالوں کو سپلائی بحال کر دی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں