ایس پی ایس سی :نتائج کیخلاف مزید امیدواروں کا عدالت سے رجوع
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات اور نتائج کے خلاف مزید 23 امیدواروں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست گزاروں نے اپنے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے جوابی کاپیوں کی دوبارہ جانچ کرانے کی استدعا کی ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن نے درخواست گزاروں کو امتحان میں فیل قرار دیا ہے جبکہ امتحانات کے نتائج امیدواروں کے لیے حیران کن ثابت ہوئے ہیں۔ وکیل کے مطابق سندھ ہائیکورٹ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے مقدمات میں درخواست گزاروں کی جوابی کاپیوں کی دوبارہ جانچ کا حکم دے چکی ہے لہٰذا موجودہ درخواست گزاروں کی جوابی کاپیوں کی بھی ازسرنو جانچ کرائی جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔درخواست گزاروں کے وکیل نے استدعا کی کہ سابق عدالتی فیصلوں کی روشنی میں موجودہ امیدواروں کو بھی یکساں ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کی جوابی کاپیوں کی دوبارہ جانچ کے احکامات جاری کیے جائیں۔