ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہیے :مسعود چشتی

 ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہیے :مسعود چشتی

سول ججز کے انٹرویوز ہوسکتے ہیں تو ہائیکورٹ کے ججوں کے امیدواروں کے کیوں نہیں ہائیکورٹس میں ججز کی تعداد پوری ہونی چاہئے :وائس چیئرمین پاکستان بار

لاہور (کورٹ رپورٹر،اے پی پی)وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہیے ، سول ججز کے انٹرویوز ہوسکتے ہیں تو ہائیکورٹ کے ججوں کے امیدواروں سے انٹرویو کیوں نہ ہوں؟۔ وہ پاکستان بار کونسل کی جانب سے انگلینڈ کے معروف قانون دان ڈاکٹر لیاقت ملک کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ، سابق پراسیکیوٹر رانا بختیار، ڈپٹی اٹارنی جنرل چودھری عثمان اور دیگر وکلاء رہنما ء بھی موجود تھے ۔ پیر مسعود چشتی نے مزید کہا کہ ہمارا دیرینہ مطالبہ ہے کہ ہائیکورٹس میں ججز کی تعداد پوری ہونی چاہئے ،ہمیں امید ہے ججز انٹرویو کمیٹی شفاف اور میرٹ پر ججز کی نامزدگی کریگی،ہائیکورٹ کے ججوں کے امیدواروں کے انٹرویوز کا فیصلہ خوش آئند اقدام ہے ۔انگلینڈ کے معروف قانون دان ڈاکٹر لیاقت ملک نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کے لیے الگ عدالتیں قائم کرنا خوش آئند ہے ،حکومت پاکستان اور فیلڈ مارشل کے اقدامات سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی سطح پر قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں