پونے 10کروڑ خوردبرد کیس، 3 بینک ملازمین کوقید و جرمانہ کی سزا
سپیشل کورٹ نے 39 اکاؤنٹ ہولڈرز کی رقم ہڑپ کرنے پرملزموں کو سزا سنائی مرکزی ملزم رضا حسن کو 28 سال قید بامشقت اور 6 کروڑروپے جرمانے کا حکم
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کی بڑی کامیابی،سپیشل کورٹ نے 9 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد رقم کی خوردبرد کیس میں ملوث 3 ملزموں کو سزائیں سنا دیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سپیشل کورٹ (او آئی بی۔II)لاہور نے تینوں ملزموں کو بطور بینک ملازم اپنے عہدے کا غلط استعمال استعمال کرکے 39 اکاؤنٹ ہولڈرز کے 9کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد رقم ہڑپ کرنے کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی۔مرکزی ملزم رضا حسن کو 28 سال قید بامشقت اور 6 کروڑ جرمانہ، شریک ملزموں محسن عباس اور فریحہ شاہ کو 18، 18 سال قید بامشقت اور 3،3 کروڑ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا ہے ۔عدالت نے فیصلے کے بعد ملزموں کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔