کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام،دودہشتگرد گرفتار
کالعدم بی ایل اے سے تعلق،حساس تنصیبات کی معلومات تنظیم کو دیتے تھے 4 کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ برآمد ،سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج
کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے ،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوںمیں مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر بن شامل بی ایل اے کے کیمپس سے تربیت یافتہ ہیں،ملزموں نے ریکی اور کمیونی کیشن کی ٹریننگ حاصل کی ہوئی ہے ،گرفتار ملزمان دہشتگرد تنظیم کے کمانڈر ساجد بلوچ اور بشیرزیب کی ہدایت پر کراچی میں مقیم تھے ،ملزمان حساس تنصیبات کی معلومات اپنی تنظیم کو فراہم کرتے تھے ،گرفتار ملزمان حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کا نیٹ ورک بنانے کے لیے بھی سرگرم تھے ۔ملزمان سے 4 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ،بال بیرنگ برآمد ہوئے ہیں ۔ملزموں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مزید ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو ملزموں سے تحقیقات کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائیں گی۔