سٹیٹ بینک کے ڈپازٹس پر منافع کے نئے قواعدجاری

 سٹیٹ بینک کے ڈپازٹس پر منافع کے نئے قواعدجاری

1 کروڑ روپے تک اوسط بیلنس والے صارفین کو کم از کم منافع ملے گا سرمایہ کاری آسان بنانے کیلئے نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز

کراچی (آئی این پی)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک ڈپازٹس پر منافع کے نئے قواعدجاری کر دئیے ، سٹیٹ بینک نے ملکی بینکوں کے ڈپازٹس پر کم از کم منافع کے قواعد میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے نئے ڈیجیٹل پلیٹ  فارم ’’انویسٹ پاک‘‘کا باضابطہ آغاز کر دیا، یہ نئی ہدایات یکم اگست 2026 سے ملک بھر میں نافذ العمل ہوں گی۔سٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق بینکوں میں ڈپازٹس پر کم از کم منافع کی شرط اب صرف انفرادی اکاؤنٹس پر لاگو ہوگی، بینکوں میں 1 کروڑ روپے تک کا اوسط ماہانہ بیلنس رکھنے والے انفرادی صارفین اس کم از کم منافع کے حقدار ہوں گے۔

کارپوریٹ یا ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کیلئے منافع کے قواعد میں نرمی کر دی گئی ہے اور وہ اب براہِ راست سرکاری سکیورٹیز میں اپنی سرمایہ کاری کر سکیں گے ۔حکومتی سکیورٹیز (ٹی بلز اور انویسٹمنٹ بانڈز)میں عوام اور کمپنیوں کی رسائی بڑھانے کیلئے انویسٹ پاک پلیٹ فارم متعارف کروایا گیا ہے ۔ سٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ ان ترامیم کے علاوہ بینکنگ سیکٹر کیلئے دیگر تمام موجودہ پرانی ہدایات اور قوانین بدستور برقرار رہیں گے ، نئی پالیسی کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں ریٹیل اور کارپوریٹ سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانا اور انہیں اپنے سرمائے پر بہتر منافع فراہم کرنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں