احسن اقبال کا یونیورسٹی آف الینوائے شکاگو کادورہ
جناح کمپلیکس اور کڈنی سینٹرکیلئے مشترکہ تحقیق اور تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا حکومت عالمی معیار کی طبی شراکتداری سے جدید علاج اور تحقیق کے فروغ کیلئے پرعزم:احسن
اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے یونیورسٹی آف الینوائے شکاگو (UIC) کا دورہ کیا جہاں پاکستان اور امریکہ کے درمیان طبی تعلیم، تحقیق اور صحت کے شعبے میں مستقبل کے تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کے پرووسٹ، وائس پرووسٹ اور ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مجوزہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر (JMCRC) اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (PKLI) کے ساتھ مستقبل میں ادارہ جاتی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ گفتگو میں طبی تعلیم، جدید طبی تحقیق، اختراع، جدید علاج معالجہ اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کے تعلیمی اور طبی اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔