پراپرٹی ٹیکس چوری روکنے کیلئے ڈیجیٹل سروے کا فیصلہ

 پراپرٹی ٹیکس چوری روکنے کیلئے ڈیجیٹل سروے کا فیصلہ

12 سال بعدسروے سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس ریکارڈ کو شفاف بنایا جائیگا سروے 42 ارب کے پراپرٹی ٹیکس ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کریگا:حکام

 لاہور(این این آئی)پراپرٹی ٹیکس چوری کی روک تھام اور زیادہ سے زیادہ جائیدادوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے پنجاب حکومت نے 12 سال بعد ڈیجیٹل سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس ریکارڈ کو مزید موثر اور شفاف بنایا جائے گا۔ایکسائز حکام کے مطابق اربن یونٹ کی جانب سے پلرا کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے جی آئی ایس بیسڈ سروے کیا جائے گا تاکہ ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل یونٹس کی درست نشاندہی ہو سکے ۔ اس وقت لاہور میں 9 لاکھ سے زائد یونٹس جبکہ پنجاب بھر میں 25 لاکھ سے زائد یونٹس پراپرٹی ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ صوبے میں مجموعی طور پر 45 لاکھ سے زائد ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل یونٹس کا ریکارڈ موجود ہے ،منصوبے کے تحت رواں ماہ لاہور کے زون 13 سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ڈیجیٹل سروے کا آغاز کیا جائیگا جبکہ فنڈز کی فراہمی کے بعد سروے کو پورے پنجاب تک توسیع دی جائیگی۔ حکام کے مطابق یہ سروے رواں مالی سال کیلئے مقرر ہ 42 ارب روپے کے پراپرٹی ٹیکس ہدف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں