محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی 59 ویں برسی آج منائی جا ئے گی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک)مادرملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی 59ویں برسی آج 9جولائی کو منائی جائے گی۔فاطمہ جناح بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکی چھوٹی بہن تھیں ،وہ 31جولائی 1893کو کراچی میں پیدا ہوئیں،انہوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔
آج ملک بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جن میں محترمہ فاطمہ جناح کی قیام پاکستان کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔فاطمہ جناح 9جولائی 1967کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئیں،وہ کراچی میں مزار قائد میں اپنے بھائی کے پہلو میں آسودہ خاک ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم پاکستان کی عظیم، بہادر، صاحبِ بصیرت اور مخلص بیٹی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح جرأت ، دیانت اور جمہوری اقدار کی روشن علامت تھیں ، انہوں نے اس دور کی سماجی رکاوٹوں کے باوجود برصغیر بھر کی خواتین کو متحرک کیا اور انہیں تحریکِ آزادی کی ایک مؤثر قوت میں تبدیل کر دیا، ہم جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا آج پوری قوم کی جانب سے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر انکی قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ محترمہ فاطمہ جناح نوجوان نسل اور بالخصوص خواتین کیلئے مشعل راہ اور نامساعد حالات میں قومی مقاصد کے لیے ثابت قدمی اور بے لوث جذبہ کا استعارہ ہیں۔