اراضی ریکارڈ کی مختلف خدمات پر نئے سروس چارجز نافذ
پنجاب میں فرد، انتقال اور گرد آوری کی ایکسپریس کاپی کی فیس 4ہزارروپے مقرر اوورسیز کیلئے PLRA سروسزاور ریونیو کورٹس مینجمنٹ سسٹم کی نئی فیسیں بھی نافذ
لاہور (عمران اکبر )پنجاب میں اراضی ریکارڈ کی مختلف خدمات پر نئے سروس چارجز نافذ کر دئیے گئے ہیں، اطلاق فوری ہوگا،تمام لینڈ ریکارڈ سینٹرز اور متعلقہ دفاتر میں نئی فیسیں لی جائینگی۔ تفصیلات کے مطابق فرد، انتقال اور گرد آوری کی ایکسپریس کاپی کی فیس 4 ہزار جبکہ عام کاپی کی فیس 900 روپے ،گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کی فیس 800 ، نقلِ اراضی ریکارڈ 5 ہزار اور رجسٹرڈ ڈیڈ کی کاپی 1400 روپے مقرر کی گئی ہے ،بینکوں اور دیگر اداروں کیلئے لینڈ ریکارڈ ویری فکیشن کی فیس کامیاب ٹرانزیکشن پر 1000 روپے اور ناکام ٹرانزیکشن پر 700 ،ایکسپریس انتقال کی فیس 1200 ، بینکوں کے ذریعے انتقال 2100 روپے جبکہ عام انتقال کی فیس 1200 روپے رکھی گئی ہے ،ای رجسٹریشن کے ذریعے کمیشن کی تقرری کی فیس 6700 ، پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کے تحت فی ٹرانزیکشن 3 ہزار روپے ہوگی ،ای رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے اراضی کی خرید و فروخت پر سروس چارج زمین کی مالیت کا صفراعشاریہ ایک فیصد ہوگا، کم از کم فیس 3600 روپے رکھی گئی ہے ،بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے اوورسیز PLRA سروسز اور ریونیو کورٹس مینجمنٹ سسٹم کی نئی فیسیں بھی نافذ کر دی گئیں،اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ای رجسٹریشن کے ذریعے فارن مشن کیلئے لوکل کمیشن فیس 100 ڈالر مقرر ہے ۔