سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک گوشوارے جمع کرانیکی ہدایت
یکم جولائی 2025 تا 30 جون 2026 اکاؤنٹس کی بینک سٹیٹمنٹ منسلک کرنا لازم
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مالی سال 2025-26 (یکم جولائی 2025 تا 30 جون 2026) کے سالانہ مالی گوشوارے 29 اگست 2026 تک الیکشن کمیشن میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کو سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع ، اثاثے اور واجبات کی تفصیلات کے ساتھ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی جاری کردہ آڈٹ رپورٹ بھی منسلک کرنا ہوگی جس پر پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار کے دستخط ہوں اور یقین دہانی کرا ئی گئی ہو کہ ممنوعہ ذرائع سے پارٹی کو کوئی فنڈ موصول نہیں ہوا ۔مالی گوشوارے الیکشن ایکٹ، 2017 کے مطابق فارم-ڈی پر جمع کرائے جائیں گے ۔ فارم-ڈی کی پرنٹ شدہ کاپیاں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ ، اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنرز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے دفاتر سے مفت حاصل کی جا سکتی ہیں جبکہ فارم-ڈی اور فنڈنگ کے ذرائع کا پروفارما الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے ۔ آڈیٹر کی آئی سی اے پی کی رکنیت/سرٹیفکیٹ کی کاپی، آخری مؤثر تجدیدی سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی ہے ۔ فارم-ڈی کے ساتھ یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک کی مدت کے دوران ہر بینک اکاؤنٹ کی بینک سٹیٹمنٹ کی کاپی بھی جمع کرانا لازم ہوگی۔