مجسٹریٹس غریب آدمی کیلئے دروازے کھلے رکھیں:گورنر

مجسٹریٹس غریب آدمی کیلئے دروازے کھلے رکھیں:گورنر

ججزکی کامیابی کا انحصار صرف انصاف پر کئے گئے فیصلوں پر ہوتا، حق کا ساتھ دیں فیصلوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے :نئے تعینات مجسٹریٹس سے ملاقات پر گفتگو

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ سائلین کو بروقت انصاف فراہم کرنے میں ججز کا کردار اہم ہے ۔ دیر سے انصاف ملنا نا انصافی ہے ۔پیپلز پارٹی نے عدلیہ اور ججز بحالی کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔ دو سال میں مخیر حضرات کے تعاون سے اربوں کے ترقیاتی کام کروائے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہاؤس میں پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام نئے تعینات جوڈیشل مجسٹریٹس کے وفد سے ملاقات پرکیا۔

گورنر نے نئے تعینات جوڈیشل مجسٹریٹس کو مبارکباد دی اورکہا غریب سائلین کی مجسٹریٹس اور ججز سے بڑی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں۔ دیر سے انصاف ملنا انصاف نہ دینے کے مترادف ہے ۔ مجسٹریٹس اپنے دروازے غریب آدمی کیلئے کھلے رکھیں۔ مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ بغیر دباؤ حق سچ  کا ساتھ دینا اسلام کا درس ہے ۔ ججزکی کامیابی کا انحصار صرف انصاف پر کئے گئے فیصلوں پر ہوتاہے ۔ ججز فیصلوں سے اپنا مقام پیدا کرتے ہیں۔ مخلوقِ خدا کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں۔ بطور گورنر صوبائی محتسب کے فیصلوں کے ذریعے غریب سائلین کو بروقت انصاف مہیا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا۔گورنر نے کہا پنجاب حکومت کی ناجائز قبضوں بارے قانون سازی کو سراہتا ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں