لاہور اور دیگر شہروں میں ٹریفک حادثات: بیٹی سمیت 6 افراد جاں بحق
کاہنہ میں گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار عثمان اور عمر ،شیخوپور ہ میں انیقہ اور اس کی کمسن بیٹی نے دم توڑا تحصیل دیپالپور میں موٹرسائیکلوں کے تصادم میں 2افراد چل بسے ،3شدید زخمی بھی ہو گئے ،ہسپتال داخل
لاہور،شیخوپورہ ،اوکاڑہ،دیپالپور (کرائم رپورٹر، نمائندگان دنیا)لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ،ماں اورکمسن بیٹی سمیت 6 افراد جاں بحق،4زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں کاہنہ کے علاقے میں تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار عثمان اور عمر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا،پولیس نے دونوں لاشیں قانونی
کارروائی کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ۔ادھر شیخوپورہ کے تھانہ بھکھی کے علاقہ کھاریانوالہ کے قریب فیصل آباد روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار 30سالہ عبد الرزاق شدید زخمی ہو گیا جبکہ اس کی اہلیہ 28سالہ انیقہ اور 2 سالہ بیٹی ام حبیبہ دم توڑ گئیں۔اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے نواحی علاقے رتہ کھنہ روڈ پر گجر چوک کے قریب 2 تیز رفتار موٹر سائیکلیں بے قابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار سکنہ 31/2-ایل کے رہائشی 50 سالہ اشتیاق اور 22 سالہ فاروق بشیر جاں بحق ہوگئے جبکہ 35سالہ نذیر،30 سالہ رضوان اور ایک نامعلوم شخص شدید زخمی ہو گئے ۔