دہشتگردی: مشرقی ہمسایہ ملک ملوث : اسلحہ، مالی معاونت فراہم کررہا، افغانستان کی سرزمین استعمال ہورہی، آخری فسادی دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی : شہباز شریف

دہشتگردی: مشرقی ہمسایہ ملک ملوث : اسلحہ، مالی معاونت فراہم کررہا، افغانستان کی سرزمین استعمال ہورہی، آخری فسادی دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی : شہباز شریف

دشمن معرکہ حق ،پاکستانی سفارتی کامیابیوں سے خائف،مختلف ذرائع سے ملک میں عدم استحکام چاہتا ، سیاسی و عسکری قیادت مکمل یکسوئی کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم،ملکر فتنہ ختم کرینگے شہدا کی قربانیاں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی،وزیراعظم کا بلوچستان ایپکس کمیٹی سے خطاب، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک، کروشین وزیرخارجہ کی ملاقات،زیادہ ترسیلات پر اوورسیز پاکستانیز سے اظہار تشکر

اسلام آباد،کوئٹہ (نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی کے فتنے میں پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک کا بھرپور کردار ہے جو دہشت گردوں کو اسلحہ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کر رہا ہے ، افغانستان کی سرزمین استعمال ہور ہی ہے ،ملک کی سیاسی وعسکری قیادت مکمل یکسوئی کیساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ،آخری فسادی دہشت گردکے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی،دشمن پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور گزشتہ برس معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے خائف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران بلوچستان میں انتہائی افسوسناک دہشت گردی کے واقعات پیش آئے جن میں پولیس اہلکار، سکیورٹی فورسز کے جوان اور بے گناہ شہری شہید ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری فسادی دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری قوم نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور یقین رکھتی ہے کہ ان قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی کے اس فتنے میں پاکستان کے مشرقی ہمسایہ ملک کا بھرپور کردار ہے جو دہشت گردوں کو اسلحہ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے دہشت گرد خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حملے کرتے ہیں، تاہم ریاست ان عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت مکمل یکسوئی کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ،دشمن پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور گزشتہ برس معرکہ حق میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے خائف ہے ، اسی لیے وہ مختلف ذرائع سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت متحد ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ ملک کو امن، استحکام اور ترقی کا گہوارہ بنایا جا سکے ۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ یہی قربانیاں پاکستان میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔دریں اثنا وزیراعظم سے جمہوریہ کروشیا کے وزیر خارجہ و یورپی امور، ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے کی پُرخلوص دعوت دی۔کروشیا کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے ۔ انہوں نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان اور اس کی قیادت کے نمایاں کردار کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے مالی سال 2025-26 میں گزشتہ برس (2024-25)کے مقابلے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں محب وطن سمندر پار مقیم پاکستانیوں میں 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جن پر انکے مشکور ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں